محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حکومت نے پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت لاہور کے علاوہ فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں قابلِ اجازت پتنگ سازی کے مواد کی تیاری کی منظوری دی ہے۔ تاہم ان اضلاع میں صرف مینوفیکچررز کو رجسٹریشن کی اجازت ہو گی جبکہ ٹریڈر یا سیلر کے طور پر رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی گئی۔
ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ ان چاروں اضلاع میں کام کرنے والے تمام مینوفیکچررز کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ رجسٹر ہونا ہو گا اور حکومت پنجاب کے e-Biz پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ رجسٹرڈ مینوفیکچررز صرف کائٹ فلائنگ رولز کے مطابق پتنگیں اور ڈور تیار کر سکیں گے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب
— Home Department Punjab (@homedptpunjab) February 2, 2026
لاہور 2 فروری:
لاہور میں 6,7,8 فروری کو بسنت کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت
پنجاب کابینہ نے لاہور کے ساتھ مزید 4 اضلاع میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی اجازت دے دی
لاہور کے ساتھ ساتھ فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں قابلِ اجازت پتنگ سازی… pic.twitter.com/gRIo6fgDhA
فیصلے کے مطابق یہ مینوفیکچررز اپنی تیار کردہ پتنگیں اور ڈور صرف لاہور میں رجسٹرڈ ٹریڈرز یا سیلرز کو فروخت کرنے کے مجاز ہوں گے، جب کہ تیار کردہ سامان کا استعمال اور فروخت صرف لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو بسنت کے موقع پر ہی ممکن ہو گا۔ ان اضلاع میں تیار کیا گیا پتنگ بازی کا سامان لاہور کے علاوہ پنجاب کے کسی اور ضلع میں فروخت یا استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق بسنت کی اجازت صرف لاہور کے لیے دی گئی ہے، جب کہ مقررہ تاریخوں سے قبل یا پنجاب کے کسی اور ضلع میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس سلسلے میں فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان کے ڈپٹی کمشنرز کو منظوری کے مطابق انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ متعلقہ اضلاع مزید رہنمائی کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی اور ڈپٹی کمشنر لاہور سے رابطہ کر سکتے ہیں۔







