وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مطابق اس منصوبے کے تحت 355 کالجز میں 18,825 کلو واٹ کی سولرائزیشن کی جائے گی، جب کہ یہ منصوبہ 29 سو 40 ملین روپے کی لاگت سے 2028ء تک مکمل ہوگا

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے سے سالانہ 24.47 ملین یونٹس بجلی پیدا ہوگی جب کہ منصوبے سے 134 کروڑ روپے کی سالانہ بچت متوقع ہے۔

ایم او یو کے تحت کالجز میں 135 الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔

منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جب کہ محکمہ توانائی اس کے علاوہ پنجاب کے چھ محکموں کی سولرائزیشن میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ یہ چھ محکمے مجموعی طور پر 2,770 کلو واٹ گنجائش کے سولر سسٹمز پر منتقل کیے جائیں گے۔ منصوبے سے بجلی کے اخراجات میں 42 فیصد کمی آئے گی اور اربوں روپے کی بچت ممکن ہوگی۔

وزیر تعلیم کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے توانائی کے مجموعی اخراجات میں نمایاں کمی، گرین انرجی کلچر کو فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔