لاہور میں سعودی وفد کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کو عوام نے بے حد سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وفد کی آمد پنجاب کے لیے خوش بختی کی علامت ہے، کیونکہ پنجاب کی حکومت جدید ترقیاتی منصوبوں پر عمل کر رہی ہے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، اور ان کی ترقی کے وژن کو سننا باعثِ فخر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان اپنے وژن اور لیڈر شپ سے مملکت کو جدت اور ترقی کے نئے دور میں داخل کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد نواز شریف کے سعودی قیادت سے گہرے دوستانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ "میں خود بھی سات برس تک سعودی عرب میں مقیم رہی ہوں، جلاوطنی کے دوران ہمارا قیام جدہ میں تھا، اسی لیے میں جدہ کو لاہور سے زیادہ جانتی ہوں۔"

مریم نواز نے گزشتہ ماہ ہونے والے دفاعی معاہدے کو پاکستان پر سعودی عرب کے اعتماد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مکہ اور مدینہ کی پاسبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران سعودی عرب نے پنجاب کی فراخدلی سے مدد کی اور ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سعودی عرب کی سرمایہ کاری پنجاب میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔

اس موقع پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے سربراہ شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زرخیز زمینیں زراعت کے شعبے میں بے پناہ امکانات رکھتی ہیں، اور سعودی سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں۔

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعاون کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ "ہم پاکستان میں صرف کاروبار کے لیے نہیں آئے، بلکہ پاکستان کے ساتھ مل کر درپیش چیلنجز کے حل کے لیے بھی کام کریں گے۔"

انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے چار برسوں میں کم لاگت کے دس لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ صحت، آئی ٹی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔