ترجمان کے مطابق مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر کی 188 ماڈرن سبزی منڈیوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا ہے، جہاں صفائی، اسٹریٹ لائٹس، فنکشنل ٹائلٹس، شفاف نیلامی کے لیے آکشن شیڈز اور جدید ویسٹ ٹو ویلیو سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔
تمام ماڈرن سبزی منڈیوں میں ہیلپ ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں، جب کہ سیف سٹی اتھارٹی کے ذریعے آن لائن ٹریکنگ، بہتر روشنی، صفائی اور فعال ٹائلٹس کو یقینی بنایا گیا ہے۔ دھوکہ دہی کے خاتمے کے لیے نیلامی کا عمل براہِ راست کیا جا رہا ہے اور آکشن شیڈز قائم کیے گئے ہیں۔
188 ماڈرن سبزی منڈیوں میں خریداروں اور آڑھتیوں کے لیے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس بحال کر دیے گئے ہیں، جب کہ صفائی کے نئے نظام، اضافی عملہ اور جدید ویسٹ کلیکشن سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب بھر کی ماڈرن سبزی منڈیوں میں 2 لاکھ 66 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس فعال کر دی گئی ہیں، جس سے دن رات خریداری کو محفوظ اور آسان بنایا گیا ہے۔ ہر منڈی میں ڈرینج سسٹم بحال کر کے مین ہولز پر ڈھکن نصب کر دیے گئے ہیں۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ سبزی اور پھلوں کی طلب و رسد کو مانیٹر کرنے کے لیے ’’ٹریکنگ آن وہیل‘‘ سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے میں داخل ہونے والے ہر سبزی اور پھل کے ٹرک کو سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔
ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام کے تحت سبزی منڈیوں کا گرین ویسٹ بائیو گیس اور پولٹری فیڈ کی تیاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ پاکپتن، قصور، ساہیوال، میاں چنوں، شیخوپورہ اور منڈی بہاؤالدین میں نئی ماڈرن سبزی منڈیاں قائم کی جائیں گی۔
مری کے عوام کو سستے داموں پھل اور سبزیاں فراہم کرنے کے لیے خصوصی سپلائی چین سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت مری میں ہول سیل نرخوں پر اشیائے خورونوش دستیاب ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: اگر آئی ایس آئی ہم جیسے سیاسی کارکنوں پر نظر رکھے گی تو پھر دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر نظر کون رکھے گا، علیمہ خان
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آف سیزن سبزیوں کی پیداوار کے لیے جدید طریقہ کاشت اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو دھوکہ دینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، اور بدعنوان اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کر کے جیل بھیجا جائے گا۔
انہوں نے مارکیٹ کمیٹیوں میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر سیکرٹریز کی بھرتی کی بھی منظوری دی اور وزیر زراعت عاشق کرمانی، معاون خصوصی سلمیٰ بٹ، ڈی جی فوڈ امجد حفیظ اور پوری ٹیم کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب سے مافیا کلچر کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، اب صوبے میں کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام کو ہر صورت سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کیا جائے گا اور وہ خود سبزی منڈیوں کے سرپرائز دورے بھی کریں گی۔







