تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے سینیئر پولیس حکام نےمیڈیا سے گفتگو میں چھ اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق چوکی میں تعینات اہلکاروں نے حملے پر فوری جوابی کارروائی کی، جس میں چار حملہ آوروں کے مارے جانے کی اطلاع ہے، تاہم فرار ہونے والے مسلح افراد لاشیں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حملہ آور ایف سی کے چھ اہلکاروں کو ساتھ لے گئے ہیں، جب کہ علاقے میں سکیورٹی آپریشن جاری ہے۔
سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے منسوب ایک پوسٹ بھی سامنے آئی ہے جس میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ پشاور کے قریب حسن خیل کے علاقے میں رات ایک سے دو بجے کے درمیان پیش آیا۔
حسن خیل کا علاقہ نیم قبائلی علاقہ درہ آدم خیل کے قریب واقع ہے، جہاں ماضی میں بھی سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔







