اس منصوبے کے تحت 6 فروری سے 8 فروری تک لاہور میں میٹرو بس سروس اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو بسیں اور الیکٹرک بسیں شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کریں گی۔

پلان کے مطابق ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے روزانہ تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار مسافروں کو مفت سفر کی سہولت حاصل ہوگی۔ اسی طرح 64 میٹرو بسوں کے ذریعے شاہدرہ سے گجومتہ تک روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ مسافر بغیر کسی کرائے کے سفر کر سکیں گے۔

لاہور کے فیڈر روٹس کے لیے 188 بسیں تعینات کی جائیں گی جو شہر کے 21 مختلف روٹس پر چلیں گی، جب کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت 40 الیکٹرک بسیں لاہور کے 2 روٹس پر شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کریں گی۔ اس منصوبے کے تحت روزانہ تقریباً 6 لاکھ شہری مفت سفر سے مستفید ہوں گے۔

مزید پڑھیں: 2026 میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سمیت کتنے لوگ بسنت منائیں گے؟

وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے بسنت پر مفت سفری سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بسنت کے تہوار کے دوران بغیر کسی فکر کے جدید اور محفوظ ٹرانسپورٹ سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور بسنت کے موقع پر ٹریفک دباؤ کو کم کرنا ہے۔