ترجمان پی آئی اے کے مطابق 29 مارچ سے اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں چلائی جائیں گی، جو 6 سال کے طویل وقفے کے بعد بحال کی جا رہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ پروازیں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے آپریٹ کی جائیں گی۔ لندن کا روٹ پی آئی اے کا قدیم ترین اور سب سے منافع بخش بین الاقوامی روٹ رہا ہے، جس کی بحالی کو قومی ایئرلائن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پی آئی اے حکام کے مطابق قومی ایئرلائن پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار 3 پروازیں کامیابی سے آپریٹ کر رہی ہے، جب کہ لندن روٹ کی بحالی سے برطانیہ کے لیے مجموعی فضائی آپریشن میں مزید بہتری آئے گی اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لندن کے لیے پروازوں کی بحالی سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو براہِ راست سفر کی سہولت ملے گی، جب کہ قومی ایئرلائن کے ریونیو میں بھی اضافے کی توقع ہے۔