پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی ٹی آئی کے اراکینِ قومی و پنجاب اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز، سٹیک ہولڈرز اور کارکنان سے کہا گیا ہے کہ وہ منگل کی دوپہر دو بجے اڈیالہ جیل کے باہر موجود ہوں۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پارٹی کارکنان اس وقت تک پرامن طور پر موجود رہیں گے جب تک پارٹی قائد اور سابق وزیراعظم عمران خان کا پیغام قوم تک نہیں پہنچ جاتا۔

عالیہ حمزہ ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف ایک پرامن سیاسی جماعت ہے جو آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ دھمکیوں، واٹر کینن اور مبینہ جبر کا جواب بھی پرامن انداز میں دیا جائے اور کسی بھی اشتعال سے گریز کیا جائے۔

لازمی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز آمنے سامنے، ’ آپ اس کیس میں میرے خلاف نہیں بیٹھ سکتے‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ سخت سردی یا رات کے اندھیرے کے باوجود کارکنان اڈیالہ جیل کے باہر ڈٹے رہیں گے، کیونکہ یہ نہ صرف ان کا جمہوری حق ہے بلکہ اپنے قائد سے یکجہتی اور وفاداری کا اظہار بھی ہے۔ چیف آرگنائزر پنجاب نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ مکمل نظم و ضبط، امن اور قانون کی پاسداری کے ساتھ احتجاج کریں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ کال ایسے وقت میں دی گئی ہے جب پارٹی قیادت اپنے قائد کے پیغام کی ترسیل اور سیاسی صورتحال پر مسلسل احتجاجی حکمتِ عملی اختیار کیے ہوئے ہے۔