لاہور میں صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو تاریخی فتح ملی، ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ضمنی انتخابات میں جیت مسلم لیگ ن اور پنجاب عوام کے لیے خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 2024 کے الیکشن میں ہاری ہوئی اپنی نشستیں دوبارہ جیت لیں، الیکشن بیانیوں سے نہیں بلکہ کارکردگی کے بل بوتے پر جیتا جاتا ہے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 2018 میں ترقی کرتے ہوئے ملک کو ڈی ریل کردیا گیا، میں نے اور میاں محمد نواز شریف نے جیل کاٹی لیکن الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ الیکشن کا بائیکاٹ دراصل مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر اعتماد کرکے ووٹ دیا، انہیں معلوم تھا کہ خیبرپختونخوا میں ان کی اپنی مشینری ہے، الیکشن جیت جائیں گے، اس لیے بائیکاٹ نہیں کیا۔ ہری پور میں مسلم لیگ ن کی جیت کو سب نے دیکھا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ لوگ اب بیانیوں سے تنگ آگئے ہیں، بیانیوں سے ملک ترقی نہیں کرتے، بیانیہ والوں کو کام کرنا نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا لیکن شکست ہوئی، ضمنی الیکشن میں مقبولیت کے دعوے زمین بوس ہوگئے، اگر زمین پر کام نہیں ہوگا تو بیانیہ کیا کرے گا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک لبیک کو 2017 کے ضمنی الیکشن میں لانچ کیا گیا، گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیاب جلسے کیے، لیکن ہم سے سیٹیں چھینی گئیں۔







