سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق پیر کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہاکہ دہشت گرد تنظیمیں سوشل میڈیا کا استعمال کررہی ہیں، کچھ عناصر ملکی سلامتی کے درپے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ  حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، سوشل میڈیا پر ملکی اداروں کےخلاف مذموم مہم چلائی جاتی ہے، ملکی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائےگا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر منظم طریقے سے ملکی اداروں کے خلاف مہم چلارہی ہے، پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس بیرون ملک سے چلائے جارہے ہیں۔

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کے ٹرینڈز بھی بنائے جاتے ہیں، ایک ایک میسج کے پیسے وصول کیے جاتے ہیں، ٹرینڈز بنائے جاتے ہیں، ہیش ٹیگز اور ٹرینڈز کی قیمت لی جاتی ہے، لوگ سوشل میڈیا ٹرینڈز بنا کر پیسے وصول کرتے ہیں۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کے خلاف ٹرینڈز کا حصہ بنتے ہیں تو آپ کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، بہت سارے اکاؤنٹس کے ٹرینڈز کو بیرون ملک بیٹھی کمپنیاں چلاتی ہیں، کچھ کمپنیاں بیرون ملک بیٹھی ہیں، وہ اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرلیتی ہیں۔