لاہور میں عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اپنے پیغام میں صحافتی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اور عالمی صحافیوں نے فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل کو اجاگر کر کے مظلوموں کی آواز دنیا تک پہنچائی ہے، جو قابل تحسین ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے پیکا ایکٹ کو آزادی صحافت پر قدغن قرار دیتے ہوئے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور پریس کلبوں کی گرانٹس میں اضافہ کیا جائے۔ اس کے ساتھ انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
دوسری جانب دیر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام “بدل دو نظام” کے عنوان سے ایک بڑے جلسہ عام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس جلسے میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے، جبکہ حافظ نعیم الرحمان خصوصی خطاب کریں گے۔ یہ جلسہ دیر میں جاری تحریک کا پہلا بڑا عوامی اجتماع قرار دیا جا رہا ہے۔






