وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد براہ راست عوام تک پہنچائے جائیں اور کرایوں میں کمی کے فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ اس فیصلے کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرایوں میں کمی کے معاملے پر کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پبلک ٹرانسپورٹ، بسوں، ویگنوں اور دیگر ذرائع آمدورفت کے کرایوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگائی کے دباؤ کا شکار عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے کرایوں میں کمی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ صرف مسافروں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں بھی کمی آنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہونے سے مارکیٹ میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری سامان کی قیمتوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور عوام کو مزید ریلیف مل سکے گا۔
مریم نواز نے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے اقدام پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوامی ریلیف کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی صورتحال کے باوجود توانائی کے شعبے میں بہتری لانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشکل حالات میں بروقت فیصلے کیے، جن کے مثبت اثرات ملک کی معیشت اور عوامی زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پٹرولیم قیمتوں میں کمی عوامی دباؤ کا نتیجہ، قیمت کو مزید کم کرکے 225 روپے فی لیٹر پر لایا جائے: حافظ نعیم
واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دی تھی۔
حکومتی فیصلے کے بعد عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اثرات ٹرانسپورٹ کرایوں، اشیائے ضروریہ اور دیگر شعبوں میں بھی نظر آنے چاہئیں۔
حکام کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کرایوں میں کمی کے لیے ضلعی سطح پر نگرانی کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔







