دورے کے دوران انہوں نے تربیتی مشقوں، جدید ٹیکنالوجیز اور فوجی سہولیات کا معائنہ کیا اور افسران و جوانوں کے حوصلے اور کارکردگی کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کا تحفظ پاک فوج کا اولین مشن ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو لاہور گیریژن میں آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی اور فارمیشن کے زیر اہتمام تربیتی مشقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں کے مطابق تیاریوں اور جدت اپنانے پر زور دیا جبکہ جوانوں کے لیے فراہم کی گئی کھیلوں اور تفریحی سہولیات کو جسمانی فٹنس اور مورال کے لیے اہم قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے سی ایم ایچ لاہور میں ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور طبی عملے و انتظامیہ کی خدمات کی تعریف کی۔
لاہور گیریژن میں افسران سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کسی بھی خطرے کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی پر کاربند رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم ہے اور اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کو فروغ دے رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور جوانوں کی جسمانی فٹنس اور بلند مورال ترجیحی بنیادوں پر برقرار رکھا جا رہا ہے۔







