نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق پنجاب پولیس کے آپریشن میں ہلاکت کے خوف سے انتہائی مطلوب گینگز سے تعلق رکھنے والے مزید 79 ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔

راجن پور پولیس کے سامنے سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد اب 176 ہو چکی ہے۔

پنجاب پولیس کے مطابق ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والا بدنامِ زمانہ ڈاکو مجیب، 50 لاکھ روپے سر کی قیمت والا متارا سکھانی اور 25 لاکھ روپے سر کی قیمت والا نواب سکھانی بھی سرنڈر کرنے والوں میں شامل ہیں۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ راجن پور میں اب تک ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والے پانچ ڈاکو سرنڈر کر چکے ہیں۔ گرفتار ڈاکو اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

پولیس نے آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے 27 ٹھکانوں اور بنکرز کو بھی تباہ کر دیا ہے۔