ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس رحیم یار خان کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ افسوسناک واقعہ ٹبہ منٹھار کے علاقے چک 123 پی میں پیش آیا، جہاں خواتین امدادی رقم وصول کرنے کے لیے بڑی تعداد میں جمع تھیں۔
بیان کے مطابق حادثے میں پانچ خواتین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم اس وقت موقع پر بڑی تعداد میں خواتین کی موجودگی کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شیخ زاید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122، ایدھی فاؤنڈیشن اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔







