اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق جمعہ کے بڑے اجتماعات کے پیشِ نظر اہم مقامات، مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹس اور دیگر عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس نے تمام سینیئر افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور حساس تنصیبات اور مذہبی مقامات کی نگرانی خود یقینی بنائیں۔
پولیس نے مزید کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ اور نگرانی کے عمل کو سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈیوٹی پر مامور افسران اور جوانوں کو الرٹ رہتے ہوئے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف سرچ اور کومبنگ آپریشنز بھی تیزی سے کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے قبل مکمل تیاری ہو۔
مزید پڑھیں: افغانستان کی اشتعال انگیزی پر پاکستان کا بھرپور جواب جاری ہے، عطاء اللہ تارڑ
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ چیکنگ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع 15 پر دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حفاظتی اقدامات شہریوں کی حفاظت اور امن قائم رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مذہبی اجتماعات اور بڑوں کی نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران فول پروف سیکیورٹی نہ صرف شہری تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی برقرار رہتی ہے۔ اسلامی روایات کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے یہ اقدامات عوام کی زندگیوں اور مذہبی رسومات کے تحفظ کے لیے لازمی قرار دیے جا رہے ہیں۔







