محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ جبکہ زیریں علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شمالی بلوچستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں موسمی کم دباؤ (سیزنل لو) موجود ہے، جب کہ ملک کے بالائی فضائی حصوں میں ایک ہائی پریشر سسٹم بھی برقرار ہے، جو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کرے گا۔ اسی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں کوئی نمایاں مرطوب ہوائیں داخل نہیں ہو رہیں، جس کے باعث موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل (منگل) کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی اضلاع میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، جب کہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم دیر میں بارش بھی ہوئی، جہاں سب سے زیادہ 19 ملی میٹر بارش زیریں دیر میں ریکارڈ کی گئی۔

پیر کے روز ملک کے مختلف شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کچھ یوں ریکارڈ کیا گیا سبی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ، دادو اور جیکب آباد میں 48 ڈگری، جبکہ تربت اور موہنجوداڑو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت پہنچ گیا۔