کراچی میں عظیم پورہ فلائی اوور کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سال 2026 کو کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سال بنایا جا رہا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، فلائی اوورز اور دیگر بنیادی منصوبوں پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو سے ہوائی اڈے اور قیوم آباد جانے والے شہریوں کو ٹریفک کے باعث شدید مشکلات کا سامنا رہتا تھا، تاہم نئے فلائی اوور کی تعمیر سے ٹریفک کے بہاؤ میں واضح بہتری آئے گی اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔

ان  ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس فلائی اوور کو سو دن کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ شمع چوک کی جانب جانے والی سڑک کی مرمت بھی کی جائے گی تاکہ ٹریفک کے مسائل کم ہو سکیں۔

انہوں  نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی مرمت اور بحالی کے منصوبے بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔ ملیر پندرہ اور میمن گوٹھ میں چھبیس سڑکوں کی مرمت کی جائے گی جن میں سے تین سڑکوں پر پہلے ہی کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ جناح ایونیو سے بیگم خورشید روڈ تک سڑک کی تعمیر اور مرمت کے منصوبے کے لیے ٹھیکوں کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بلدیہ عظمیٰ کے ساتھ دیگر ادارے بھی کام کر رہے ہیں اور مختلف ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کے اہم سفری منصوبوں میں شامل ریڈ لائن منصوبہ تقریباً دو سو ارب روپے کا ہے تاہم یہ منصوبہ بعض وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات ملیں گی اور شہر کے انفرا اسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔