ذرائع کے مطابق رواں برس کے 11 ماہ کے دوران مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں 3 ہزار 500 سے زائد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے 11 ماہ کے دوران بیرونِ ممالک سے مجموعی طور پر 20 ہزار 262 پاکستانیوں کو کراچی ڈی پورٹ کیا گیا، جب کہ گزشتہ برس اسی مدت میں ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 16 ہزار 461 تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد کی اکثریت سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھتی ہے۔ خلیجی ممالک عمرہ اور وزٹ ویزا پر جانے والے پاکستانیوں میں بھیک مانگنے کے واقعات کی شرح زیادہ ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث انہیں واپس بھیجا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری ہوئی تو خودکشی کر لیں گے اور فضائی آپریشن معطل کریں گے، ملازمین کا اعلان
اسی طرح جعلی دستاویزات کے استعمال اور وزٹ ویزوں پر مختلف ممالک پہنچنے کے بعد یورپ اور دیگر ممالک جانے کی کوشش کرنے والے متعدد افراد کو بھی کراچی ڈی پورٹ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں، ویزا شرائط کی خلاف ورزی اور جعلی سفری دستاویزات ڈی پورٹیشن کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔






