نجی نشریاتی ادارے سٹی 42 کے مطابق اسلام آباد میں جمعیت علمائے پاکستان کے سیکریٹری جنرل شاہ اویس نورانی سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ بدامنی، انتشار اور انتہاپسندی پھیلانے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور قومی اتحاد کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں: تحریک لبیک پاکستان کی ہڑتال کی کال ناکام، ایسا کیوں ہوا؟

محسن نقوی نے واضح کیا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے یا قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قائداعظم کے پاکستان میں شرپسند اور انتہاپسند عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی اور صبر و تحمل کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، اب وقت ہے کہ تمام طبقات پائیدار امن اور رواداری کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ دینی تعلیم کا فروغ ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔

دوسری جانب شاہ اویس نورانی نے کہا کہ وہ پائیدار امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔