سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد بحرین کے راستے نجی ایئرلائن کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے۔ ایئرپورٹ پر کارکنوں اور رہنماؤں نے ان کا پُرجوش استقبال کیا، جہاں فلسطینی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئی۔
واضح رہے کہ مشتاق احمد نے 45 جہازوں پر مشتمل “گلوبل صمود فلوٹیلا” میں پاکستانی وفد کی قیادت کی تھی۔ یہ قافلہ گزشتہ ماہ اسپین سے غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ ہوا تھا، جس کا مقصد اسرائیلی ناکہ بندی توڑنا تھا۔
گلوبل صمود فلوٹیلا میں انسانی حقوق کے کارکنوں، سیاست دانوں اور معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ سمیت درجنوں افراد شامل تھے۔ لیکن، جیسے ہی قافلہ غزہ کے قریب پہنچا، اسرائیلی فورسز نے اسے روک لیا اور جہاز پر سوار تمام کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد ملک بدر کر دیا۔
Former Pakistani senator Mushtaq Ahmed reaches back home to Islamabad after being released from Israeli captivity, as part of the Global Samud Flotilla that attempted to break the Israeli siege on Gaza: pic.twitter.com/QSPNjLVQjv
— The STRATCOM Bureau (@OSPSF) October 9, 2025
اس سے قبل سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اردن میں پاکستانی سفارت خانے نے اطلاع دی تھی کہ سابق سینیٹر محفوظ طور پر پاکستان روانہ ہو گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے نائب وزیرِاعظم کی ہدایات کے مطابق، اردن میں پاکستانی سفارت خانے نے ان کی محفوظ اور ہموار روانگی کے لیے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا۔







