سعودی وزارتِ داخلہ کے سیکیورٹی ترجمان طلال الشلہوب کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (جی ڈی این سی) نے زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی کے تعاون سے ریاض ریجن میں مقیم چھ پاکستانی باشندوں کو گرفتار کیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کو 71 کلوگرام میتھایمفیٹامین وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں حراست میں لیا گیا۔

سیکیورٹی ترجمان نے بتایا کہ ایک علیحدہ کارروائی میں جی ڈی این سی نے عمانی حکام کے ساتھ شیئر کی گئی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر منشیات اسمگلنگ کی دو کوششوں کو ناکام بنا دیا، جن کے دوران 200 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئیں۔

طلال الشلہوب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب منشیات کے ذریعے ملکی سلامتی اور نوجوان نسل کو نشانہ بنانے والی مجرمانہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا اور منشیات میں ملوثعناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں منشیات اسمگلنگ کے جرم میں دو پاکستانی شہریوں کو پھانسی دی گئی۔

سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں پاکستانی شہریوں نے ہیروئن اور دیگر ممنوعہ منشیات اپنے جسم کے مختلف حصوں میں چھپا کر سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی، جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔