ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نےسڈنی کے ساحل پر فائرنگ سے جان بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں، بشمول واقعے پر کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، خود دہشت گردی سے شدید متاثر رہا ہے، ایسے حملوں سے معاشروں کو پہنچنے والے درد اور صدمے کو بخوبی سمجھتا ہے۔ 

انہوں نے معصوم شہریوں کے خلاف تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس مشکل وقت میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی تمام صورتوں کے خلاف پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا۔

واضح رہے کہ آج آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع بونڈائی بیچ پر اتوار کے روز یہودیوں کی ایک مذہبی تقریب کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔