تقریب کے دوران اردون کے شاہ عبداللہ دوم نے بھی صدر آصف علی زرداری کو اپنے ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز “وسامُ النہضہ المرصّع” (آرڈر آف دی رینیسانس) سے نوازا، جو سربراہانِ مملکت اور ممتاز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، اعلیٰ حکومتی رہنماؤں اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔

اس سے قبل صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداللہ دوم کے درمیان ایوانِ صدر میں ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر شیری رحمان بھی شریک تھے۔ ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت سینئر حکومتی عہدیدار بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان اور اردن کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، دفاع، ماحولیات سمیت نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

خطے کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں ممالک نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی حمایت کے ساتھ ساتھ دو ریاستی حل کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔