مختلف میدانی علاقوں میں چھائی گھنی دھند نے فضائی اور زمینی آمدورفت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ حدِ نگاہ میں نمایاں کمی کے باعث موٹروے پولیس نے مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر کئی اہم شاہراہوں کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک جبکہ موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ تک اور موٹروے ایم فائیو روہڑی سے شیر شاہ تک شدید دھند کے باعث ٹریفک معطل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک اور موٹروے ایم فورٹین کوٹ بیلیاں سے عیسیٰ خیل تک بھی حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے سبب بند کر دی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور روانگی سے قبل تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔







