سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے پُرامن حل کے لیے سفارتی اقدامات تسلسل کے ساتھ مؤثر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور جلد مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتکاری کو اپنا عمل مکمل کرنے کا موقع دینے کے لیے میں مخلصانہ طور پر صدر ٹرمپ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ دی گئی مہلت میں دو ہفتوں کی توسیع کریں۔

وزیراعظم نے ایران سے بھی اپیل کی کہ وہ خیرسگالی کے جذبے کے تحت آبنائے ہرمز کو دو ہفتوں کے لیے کھول دے، تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی کریں تاکہ سفارتی عمل کو مکمل ہونے کا موقع ملے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔