پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے دوران میجر حافظ احسان الٰہی نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد عام شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔







