پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی میر علی میں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اس دوران ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں چھ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی اسپن وام کے علاقے میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں مزید ایک دہشت گرد مارا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد انڈین حمایت یافتہ خوارج گروہ سے تعلق رکھتے تھے اور سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود دیگر انڈین حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انتھک کارروائیاں جاری رکھیں گی۔






