محکمۂ صحت سندھ کی جانب سے اس حوالے سے تمام ضلعی ہیلتھ افسران (ڈی ایچ اوز) کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں نئے انتظامی نظام کے نفاذ سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
محکمۂ صحت کے مراسلے کے مطابق سرکاری ڈسپنسریوں کے روزمرہ انتظام، آپریشنل معاملات، عملے کی نگرانی اور دیگر انتظامی ذمہ داریاں اب متعلقہ غیر سرکاری ادارہ انجام دے گا، جبکہ محکمۂ صحت کا کردار محدود ہو جائے گا۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اس نئی پالیسی کے تحت ضلعی ہیلتھ افسران کی ذمہ داریاں بنیادی طور پر انسدادِ پولیو مہمات اور حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگراموں تک محدود رہ جائیں گی، جب کہ ڈسپنسریوں کے انتظامی امور براہِ راست غیر سرکاری ادارے کے زیرِ نگرانی چلائے جائیں گے۔
حکومتِ سندھ کی جانب سے اس اقدام کو صحت کے شعبے میں انتظامی بہتری اور خدمات کی مؤثر فراہمی کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس فیصلے کے ممکنہ اثرات اور اس کے عملی نتائج کے حوالے سے مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔






