کراچی پریس کلب کی نو منتخب باڈی کو مبارکباد دینے کے لیے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کراچی پریس کلب پہنچے، جہاں صدر فاضل جمیلی، جنرل سیکریٹری اسلم خان اور دیگر عہدیداران و ممبران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتی ہے، جب بھی صحافیوں کو معاونت کی ضرورت پڑی، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی آزادی صحافت اور صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ گواہ ہے کہ جمہوریت کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی اور صحافی ہمیشہ ایک ساتھ رہے ہیں، اب بھی خواہش ہے کہ صحافیوں کے آج اور کل کو محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے ہیں، صوبے کے اسپتالوں میں مریض کا شناختی کارڈ یا ڈومیسائل نہیں دیکھا جاتا اور لاکھوں روپے مالیت کا علاج مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی اولین ترجیح صحت عامہ کا مضبوط نظام ہے، جب کہ سندھ کے جدید اسپتالوں میں پورے ملک سے آنے والے شہریوں کو بلا تفریق علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لیے پنک بسیں اور ماحول دوست ای وی بسیں متعارف کروائی گئی ہیں، جب کہ خواتین صحافیوں کو مفت اسکوٹیز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز بس سروس کو سندھ کے مزید شہروں تک توسیع دی جا رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ اگر سندھ آتے ہیں تو ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ان کا خیرمقدم کیا جائے گا اور مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

 تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے طرز سیاست، طالبان سے متعلق پالیسیوں اور ماضی میں دہشت گردوں کی رہائی جیسے اقدامات پر شدید اعتراضات موجود ہیں، مگر سیاسی اختلاف اپنی جگہ اور مہمان نوازی سندھ کی روایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، کچے کے علاقوں میں پولیس نے مؤثر کارروائیاں کی ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو آئینی دائرے میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت حاصل ہے، تاہم انتشار اور قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔