خبر رساں اشاعتی ارادے بزنس ریکارڈر کے مطابق ماری انرجیز لمیٹڈ نے سندھ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔ کمپنی نے یہ پیش رفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمعہ کے روز بھیجے گئے نوٹس میں ظاہر کی۔ نوٹس کے مطابق ماری غازج سی ایف بی ون کنواں 12 ستمبر 2025 کو کھودنا شروع کیا گیا اور کامیابی کے ساتھ ایک ہزار 195 میٹر کی گہرائی تک ایس یو ایل فارمیشن میں پہنچا۔ کمپنی کے مطابق یہ کنواں غازج فارمیشن کے ان زونز کو ہدف بنا کر کھودا گیا جو تیل کی پیداوار کے لیے موزوں ہیں۔

ٹیسٹنگ کے دوران کنویں سے روزانہ 305 بیرل تیل اور تین ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس حاصل ہوئی۔ ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 225 پاؤنڈ فی مربع انچ اور چوک سائز 48 بائی 64 انچ رکھا گیا۔ ماری انرجیز لمیٹڈ ملک کے سب سے بڑے گیس ذخیرے ماری گیس فیلڈ ڈہرکی سندھ کو آپریٹ کرتی ہے اور پاکستان میں قدرتی گیس کی دوسری سب سے بڑی پیداوار کنندہ کمپنی ہے۔

واضع رہے کہ کمپنی ایک مربوط تیل و گیس تلاش و پیداوار ادارہ ہے جس کی ایکسپلوریشن کامیابی کی شرح تقریباً 70 فیصد ہے۔ یہ تناسب قومی سطح پر 33 فیصد اور بین الاقوامی سطح پر 14 فیصد کے اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔ ماری انرجیز کے بڑے صارفین میں کھاد ساز کمپنیاں، بجلی پیدا کرنے والے ادارے، گیس تقسیم کار کمپنیاں اور ریفائنریز شامل ہیں۔