نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ متنازعہ کینال منصوبہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) جیسے آئینی فورم سے مسترد اور دفن کیا جا چکا ہے، اور مریم نواز کا ایسے منصوبے پر بیان دینا سی سی آئی کی توہین کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی سی آئی کا فیصلہ ہے کہ جب تک تمام صوبے متفق نہ ہوں، کوئی کینال منصوبہ نہیں بن سکتا، مریم نواز سی سی آئی سے بالاتر نہیں ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کا قائد نواز شریف ہے نہ کہ مریم نواز، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ مریم نواز کے ریمارکس کا نوٹس لیں اور پارٹی پالیسی عوام کے سامنے واضح کریں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ماضی میں کالاباغ ڈیم کا اعلان واپس لے کر سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کیا، جب کہ مریم نواز غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کر آئینی اداروں کی توہین کر رہی ہیں۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ کو متنازعہ کینال منصوبے کسی صورت قبول نہیں اور سندھ اپنے دریائے سندھ کے پانی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئینی طور پر پانی پر پہلا حق ٹیل والے صوبے کا ہے اور سندھ کے پانی پر حملہ سندھ اور پاکستان کی وحدت پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز، پیپلز پارٹی کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہیں، اسی لیے وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے پنجاب کے سیلاب متاثرین کو دی جانے والی امداد کی مخالفت کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر نہیں، پیپلز پارٹی سمیت ہر جماعت کو وہاں سیاسی سرگرمیوں کا مکمل حق حاصل ہے۔

نثار کھوڑو نے پنجاب حکومت پر سیلاب متاثرین کو ریلیف نہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دعوے صرف ٹی وی تک محدود ہیں۔ اگر ریلیف دیا جا رہا ہے تو حکومت اس کی تفصیلات قوم کے سامنے لائے۔

انہوں نے پنجاب حکومت پر الزام لگایا کہ سیلابی پانی کو امیر طبقے کے علاقوں سے ہٹانے اور غریب کسانوں کی فصلیں تباہ کرنے کے لیے جان بوجھ کر کٹ لگوائے گئے۔ غریب کسانوں کو ڈبو کر امیروں کے بنگلوں کو بچایا گیا، یہ ظلم ہے۔