پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ کے ایک وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی داخلی و خارجی صورتِ حال سمیت خطے کے سیکیورٹی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال، بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز اور پاکستان کو درپیش مختلف نوعیت کے خطرات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم غیر مصدقہ اطلاعات، گمراہ کن مواد اور منفی پروپیگنڈا معاشرے پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا اہم اثاثہ ہے اور اسے سوشل میڈیا کے استعمال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ معلومات کی تصدیق کریں، حقائق اور افواہوں میں فرق سمجھیں اور معاشرے میں مثبت مکالمے کو فروغ دیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کی تعلیم، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں میں تنقیدی اور حقائق پر مبنی سوچ پیدا کرنا ضروری ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے سیکیورٹی منظرنامے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی خوش حالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن اور خوش حالی کے لیے باہمی تعاون، مثبت روابط اور مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

ملاقات میں ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے دورے کے اپنے تجربات بھی بیان کیے اور ملک میں اپنے قیام کو خوش گوار اور شاندار قرار دیا۔

طلبہ نے پاکستان کے مختلف پہلوؤں، عوامی رویوں اور ملک میں ہونے والی معاشی و سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے مشاہدات بھی شیئر کیے۔

مزید پڑھیں: پاکستان امن چاہتا ہے مگر دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران طلبہ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان مختلف موضوعات پر سوال و جواب بھی ہوئے، جبکہ نوجوانوں کے کردار، عالمی سطح پر بدلتی صورتحال اور پاکستان کو درپیش چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر نوجوانوں کو ملک کے مستقبل میں اہم کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ علم، تحقیق، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور مثبت سوچ کے ذریعے وہ معاشرے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کا دورہ کرنے اور ملک کی قیادت سے براہِ راست بات چیت کا موقع ملنے کو مفید تجربہ قرار دیا۔