سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ کے قواعد کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر راجہ ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی سینیٹر راجہ ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن کی قیادت کے تمام آئینی، قانونی اور پارلیمانی اختیارات کے حامل ہوں گے۔

مزید پڑھیں: بعض فیصلوں اور حالات کی وجہ سے دہشتگردی کا  ناسور  دوبارہ سر اٹھا گیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

نوٹیفکیشن سینیٹ سیکریٹری حفیظ اللہ شیخ کی جانب سے جاری کیا گیا، جس کی نقول صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین، لیڈر آف دی ہاؤس، سینیٹ کے تمام اراکین، وفاقی و صوبائی اداروں، متعلقہ وزارتوں اور میڈیا کو ارسال کردی گئی ہیں تاکہ ایوان اور دیگر سرکاری امور میں اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کے بعد سینیٹ میں پارلیمانی کارروائی، قانون سازی، کمیٹیوں کی تشکیل اور دیگر اہم معاملات میں اپوزیشن کی نمائندگی سینیٹر راجہ ناصر عباس کریں گے۔ سینیٹ کے قواعد کے مطابق قائدِ حزبِ اختلاف کا کردار قانون سازی کے عمل میں توازن، حکومتی پالیسیوں پر نگرانی اور ایوان میں اپوزیشن کا مؤثر مؤقف پیش کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

سیاسی حلقوں کی جانب سے اس تقرری کو سینیٹ میں اپوزیشن کے کردار کو مزید فعال بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جب کہ توقع کی جارہی ہے کہ سینیٹر راجہ ناصر عباس ایوان بالا میں اپوزیشن کی مؤثر آواز کے طور پر اپنا کردار ادا کریں گے۔