آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کےدہشتگردوں نے ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا تاہم سکیورٹی فورسزکی بروقت اور مؤثر کارروائی نےدہشتگردوں کےمذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں نےغیرمعمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت سے فرار ہونے والے12خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید دباؤ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے، شہدا میں 12 فوجی جوان،2 پولیس اہلکار اورمحکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکارشامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقےمیں مزید کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کیلئےکلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کےخلاف بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادرشہدا کی عظیم قربانیاں وطن کےدفاع، قومی سلامتی کےتحفظ کےعزم کومزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے حملے کو ناکام بناتے ہوئے، 12 خارجيوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کی بھرپور کو سراہا۔
وزیراعظم نے واقعے میں 12 پاک فوج کے جوانوں، 2 پولیس اہلکاروں اور محکمہ جنگلات کے ایک سرکاری اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔
انہوں نے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیے بغیر ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کو اس فتنے سے پاک کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رکھیں گے۔






