ایف آئی آر کے متن کے مطابق اسٹیج پر موجود سعد رضوی نے اپنے قریب رکھا پسٹل اٹھا کر ایس ایچ او فیکٹری ایریا پر جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او کو گولی لگی اور وہ زخمی ہو کر گر گئے۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ انس رضوی نے بھی اپنی رائفل سے فائرنگ کی، جس سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جب کہ ایس ایچ او فیکٹری ایریا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔


پولیس کے مطابق واقعہ ظفر آرکیڈ، جی ٹی روڈ مریدکے کے قریب پیش آیا، جہاں تقریباً ساڑھے تین ہزار افراد جلوس کی شکل میں موجود تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے ہاتھوں میں ڈنڈے، سوٹے، اینٹوں کے ٹکڑے، پیٹرول بم اور اسلحہ تھا۔ ایف آئی آر میں دفعہ 302 (قتل) سمیت متعدد سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی ایل پی کی جانب سے تاحال اس مقدمے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔