شیخ محمد بن زاید النہیان کے طیارے سے اترتے ہی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے یو اے ای کے صدر کو پھول پیش کیے، جب کہ اس موقع پر وزیراعظم اور یو اے ای کے صدر کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
یو اے ای کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جب کہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخلے پر جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے انہیں فضائی سلامی پیش کی۔ نور خان ایئر بیس پر باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جہاں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے صدرِ یو اے ای کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کا انہوں نے معائنہ بھی کیا۔
تقریب کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا یو اے ای کے صدر سے تعارف کرایا، جب کہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کرایا۔
دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمان کا والہانہ استقبال کیا۔ یو اے ای کے صدر نے بچوں سے ہاتھ ملایا اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اڑان پاکستان وژن کے تحت ای پاکستان حکمتِ عملی تشکیل، ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانا ہے؛ احسن اقبال
دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔







