سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں کیٹلن کیلینوسکی نے لکھا کہ اوپن اے آئی نے پینٹاگون کے خفیہ کلاؤڈ نیٹ ورکس پر اپنے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تعیناتی پر اتفاق کرنے سے پہلے مناسب وقت نہیں لیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ مصنوعی ذہانت کا قومی سلامتی میں اہم کردار ہے، تاہم عدالتی نگرانی کے بغیر امریکی شہریوں کی نگرانی اور انسانی اجازت کے بغیر مہلک خودکار نظام ایسے معاملات ہیں جن پر زیادہ سنجیدہ غور و فکر کی ضرورت ہے۔
I resigned from OpenAI. I care deeply about the Robotics team and the work we built together. This wasn’t an easy call. AI has an important role in national security. But surveillance of Americans without judicial oversight and lethal autonomy without human authorization are…
— Caitlin Kalinowski (@kalinowski007) March 7, 2026
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تبصرے کے لیے فوری طور پر کیٹلن کیلینوسکی سے رابطہ نہیں ہو سکا، تاہم انہوں نے ایکس پر لکھا کہ اگرچہ وہ اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سیم آلٹ مین اور کمپنی کی ٹیم کے لیے گہرا احترام رکھتی ہیں، لیکن کمپنی نے پینٹاگون کے ساتھ معاہدے کا اعلان بغیر واضح حفاظتی اصولوں کے کر دیا۔
بعد ازاں ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ سب سے بڑھ کر گورننس سے متعلق تشویش ہے اور ایسے معاملات میں شفاف اصول اور ضابطے انتہائی اہم ہوتے ہیں۔
اوپن اے آئی نے معاہدے کے اگلے دن کہا تھا کہ اس میں استعمال کے طریقہ کار کو محفوظ بنانے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
کمپنی نے ہفتے کے روز ایک بار پھر واضح کیا کہ اس کی پالیسی کے مطابق اس کی ٹیکنالوجی کو گھریلو نگرانی یا خودکار ہتھیاروں کے نظام میں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
Yesterday we reached an agreement with the Department of War for deploying advanced AI systems in classified environments, which we requested they make available to all AI companies.
— OpenAI (@OpenAI) February 28, 2026
We think our deployment has more guardrails than any previous agreement for classified AI…
کمپنی نے رائٹرز کو جاری بیان میں کہا کہ وہ تسلیم کرتی ہے کہ ان معاملات پر لوگوں کی مضبوط آرا موجود ہیں اور اوپن اے آئی دنیا بھر میں اپنے ملازمین، حکومتوں، سول سوسائٹی اور مختلف کمیونٹیز کے ساتھ اس موضوع پر مکالمہ جاری رکھے گی۔
کیٹلن کیلینوسکی نے 2024 میں اوپن اے آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ میٹا پلیٹ فارمز ہارڈویئرز کی قیادت کر چکی ہیں۔






