گلیکسی اے 57 کو پہلی نظر میں بڑی اپ گریڈ کے بجائے ایک محتاط بہتری قرار دیا جا رہا ہے۔ فون پہلے کے مقابلے میں زیادہ پتلا اور ہلکا ہے، جب کہ اس کا ڈیزائن سادہ مگر نفیس رکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق کمپنی نے مکمل تبدیلی کے بجائے ڈیزائن اور استعمال میں سہولت کو ترجیح دی ہے۔
کارکردگی کے حوالے سے اے 57 میں نئی چِپ شامل کی گئی ہے جو بہتر اور ہموار کارکردگی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگرچہ یہ رفتار کے نئے ریکارڈ قائم نہیں کرتا، تاہم روزمرہ استعمال جیسے اسکرولنگ، ویڈیو اسٹریمنگ اور فوٹوگرافی کے لیے اسے کافی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کی بہتر صلاحیتیں بھی شامل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب گلیکسی اے 37 نسبتاً سادہ اور بجٹ دوست آپشن کے طور پر سامنے آیا ہے۔ یہ ڈیوائس بنیادی خصوصیات کے ساتھ پیش کی گئی ہے اور اسے ایک محفوظ مگر کم دلچسپ انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔
دونوں اسمارٹ فونز میں پانی سے تحفظ (واٹر ریزسٹنس) اور تیز رفتار چارجنگ جیسی خصوصیات شامل کی گئی ہیں، جو عملی استعمال میں اہمیت رکھتی ہیں، اگرچہ یہ فیچرز بڑی خبروں کا حصہ کم ہی بنتے ہیں۔
#FPTech: Samsung refreshes its A-series with the Galaxy A37 and A57, bringing refined design, long-term software support and a new layer of AI-driven features.https://t.co/fnte2mCpiU
— Firstpost (@firstpost) March 26, 2026
تاہم قیمت کے حوالے سے گلیکسی اے 57 کو چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے، خاص طور پر جب اسے سامسنگ گلیکسی ایس 25 جیسے زیادہ طاقتور متبادل سے موازنہ کیا جائے۔ ماہرین کے مطابق اگر قیمت میں زیادہ فرق نہ ہو تو صارفین بہتر کارکردگی والے فون کو ترجیح دے سکتے ہیں۔
مزید برآں، مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ کا خاتمہ بھی کچھ صارفین کے لیے مایوسی کا باعث بن سکتا ہے، جو اضافی اسٹوریج کی سہولت کے عادی ہیں۔
مجموعی طور پر، سام سنگ کی نئی اے سیریز میں بڑی تبدیلی کے بجائے بتدریج بہتری کو ترجیح دی گئی ہے۔ گلیکسی اے 57 کو ایک متوازن اور بہتر آپشن قرار دیا جا رہا ہے، جب کہ اے 37 کو مارکیٹ میں اپنی واضح شناخت بنانے کا چیلنج درپیش ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ڈیوائسز کے درمیان مقابلہ صرف دیگر کمپنیوں سے نہیں بلکہ خود سام سنگ کی مصنوعات کے درمیان بھی ہے اور اس صورتحال میں فائدہ بالآخر صارف کو ہی ہو سکتا ہے، جو بہتر قیمت کے انتظار میں رہتا ہے۔






