سابق کپتان سلمان بٹ کے پروگرام اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے اپنے کرکٹ کیریئر، پسندیدہ کھلاڑیوں اور مستقبل کے اہداف پر تفصیل سے اظہار خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے کرکٹ کیریئر کا آغاز پاکستان نیوی کی ٹیم سے ہوا، جس کے بعد کراچی میں گراس روٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا، جہاں ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آیا۔
فخر زمان نے کہا کہ بچپن میں آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ کی جارحانہ بیٹنگ انہیں بے حد پسند تھی، جب کہ بعد ازاں انہوں نے جنوبی افریقا کے لیجنڈ بیٹر اے بی ڈی ویلیئرز کے کھیل کو قریب سے فالو کیا اور ان سے بہت کچھ سیکھا۔
انہوں نے کہا کہ اوپننگ کرنا آسان کام نہیں کیونکہ نئی گیند زیادہ سوئنگ اور سیم کرتی ہے، اس لیے ابتدائی اوورز میں وکٹ پر وقت گزارنا اور ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کرنا اوپنر کی سب سے اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔
قومی اوپنر نے کہا کہ ان کا سب سے بڑا خواب 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنا ہے اور وہ اپنی فٹنس اور فارم برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں: کیا روہت شرما ون ڈے سے ریٹائر ہو رہے ہیں؟
واضح رہے کہ فخر زمان 2017 سے اب تک پاکستان کی جانب سے 3 ٹیسٹ، 92 ون ڈے اور 120 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں وہ 11 سنچریوں اور 19 نصف سنچریوں کی مدد سے 3 ہزار 861 رنز بنا چکے ہیں۔
فخر زمان پاکستان کے پہلے بیٹر ہیں جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کی، جب کہ وہ تیز ترین ایک ہزار ون ڈے رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔







