18 برس بعد سندھ کی میزبانی میں ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب گزشتہ ہفتے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں تقریب میں بلاول بھٹو زرداری مہمانِ خصوصی تھے، جب کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، صوبائی وزرا، اعلیٰ حکام، معروف کھلاڑی، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدے دار بھی شریک ہوئے۔

Medal standings at the 35th National Games as of 10 December 2025.
For detailed sport-wise results, visit the NOC Pakistan website under the latest news section: https://t.co/tcMPXi0cGO
Stay tuned for daily updates throughout the Games.
.
.
.#NationalGamesPakistan #NationalGames pic.twitter.com/5VWawTrhtw

— Pakistan Olympic Association (@NOCPakistan) December 10, 2025 >

تفصیلات کے مطابق اب تک نیشنل گیمز میں مختلف اداروں اور صوبوں کے درمیان سخت مقابلے جاری ہیں۔ آرمی مجموعی طور پر 197 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ آرمی نے 113 گولڈ، 50 چاندی اور 34 کانسی کے تمغے حاصل کیے ہیں۔

واپڈا نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 123 تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جن میں 46 گولڈ، 43 چاندی اور 34 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ نیوی نے 24 گولڈ، 21 چاندی اور 20 کانسی کے مجموعی طور پر 65 تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

پنجاب نے 62 تمغوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی، جن میں 7 گولڈ میڈل شامل ہیں، جب کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے مجموعی طور پر 72 تمغے جیتے جن میں چھ گولڈ، 29 چاندی اور 37 کانسی شامل ہیں۔ سندھ نے بھی 40 تمغے حاصل کر کے اچھی کارکردگی دکھائی۔

ایئر فورس نے 31 تمغوں کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ خیبر پختونخوا 42 تمغوں کے ساتھ اس کے بعد رہی۔ بلوچستان نے 19, اسلام آباد نے آٹھ, ریلویز نے 21 اور پولیس نے 17 تمغے حاصل کیے۔

گلگت بلتستان نے تین اور آزاد کشمیر نےایک کانسی کا تمغہ جیت کر مقابلوں میں اپنی نمائندگی برقرار رکھی۔

مجموعی طور پر تمام ٹیموں نے 215 گولڈ، 213 چاندی اور 292 کانسی سمیت 720 تمغے اپنے نام کیے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل گیمز میں کراچی کے 26 مقامات پر 32 کھیلوں کے مقابلوں میں 14 دستوں کے 11 ہزار کے لگ بھگ کھلاڑی، آفیشلز اور مہمان شریک ہیں۔ 13 دسمبر تک جاری رہنے والی ان گیمز کی اختتامی تقریب میں وزیراعظم میاں شہباز شریف مہمانِ خصوصی ہوں گے۔