رحمان اللہ گرباز نے انسٹاگرام پر پشتو زبان میں جاری ویڈیو پیغام کے ذریعے شائقین کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے کچھ ذاتی معاملات اور فلاحی فاؤنڈیشن سے متعلق کام ابھی مکمل نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے وہ اس سال پی ایس ایل میں دستیاب نہیں ہوں گے۔
گرباز کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد میں افغانستان واپس جانا چاہتاہوں تاکہ اپنی فلاحی فاؤنڈیشن کے کام کی ذاتی طور پر نگرانی کر سکوں اور اپنے لوگوں کی بہتر خدمت کر سکوں۔
انہوں نے مداحوں کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی نے 5 فروری کو رحمان اللہ گرباز کو پی ایس ایل 11 کے لیے براہ راست شامل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم معاہدے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔ پی ایس ایل 2026 کے لیے پہلی مرتبہ مکمل آکشن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا انعقاد 11 فروری کو ہوگا۔
رحمان اللہ گرباز اس سے قبل پی ایس ایل کے تین سیزنز میں حصہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے 2021 میں ملتان سلطانز جب کہ 2022 اور 2023 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی۔ 15 میچز میں انہوں نے 318 رنز اسکور کیے، جن میں ایک نصف سنچری شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، سیالکوٹ اسٹالینز نے تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا
بین الاقوامی سطح پر گرباز افغانستان کے اہم کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں اور وہ اب تک دو ٹیسٹ، 52 ون ڈے اور 83 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ دنیا بھر کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز بشمول آئی پی ایل، بی پی ایل، سی پی ایل، ایس اے 20 اور آئی ایل ٹی 20 میں بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
دوسری جانب پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا، جب کہ فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ پشاور زلمی نے آکشن سے قبل بابر اعظم کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے، جنہیں مبینہ طور پر 7 کروڑ روپے میں ریٹین کیا گیا ہے۔







