پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان یہ سیریز 17 نومبر سے 29 نومبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور ایونٹ کے پانچ میچز کی میزبانی کرے گا جب کہ ہر ٹیم دوسری ٹیم کے خلاف دو، دو میچز کھیلے گی۔
Zimbabwe to feature in T20I tri-series in Pakistan
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 18, 2025
Details here ➡️ https://t.co/Co2itxy6HI#PAKvZIM | #PAKvSL
سیریز کا آغاز 17 نومبر کو پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے افتتاحی میچ سے ہوگا، جب کہ 19 نومبر کو اسی میدان میں سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دونوں ٹیموں کے دوسرے میچز لاہور میں ہوں گے۔ 22 نومبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جب کہ 23 نومبر کو پاکستان اور زمبابوے دوبارہ مدمقابل ہوں گے۔
25 نومبر کو سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان دوسرا میچ شیڈول ہے، جب کہ سیریز کا آخری لیگ میچ 27 نومبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔
تین ملکی سیریز کا فائنل 29 نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ افغان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کشیدہ صورتِ حال کے باعث پاکستان میں شیڈول اس سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پی سی بی نے فوری طور پر زمبابوے کو شرکت کی دعوت دی جو قبول کر لی گئی۔







