یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب جرمنی اور آئیوری کوسٹ کے درمیان 2026 فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ای کے میچ سے قبل جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی پر بطور مبصر گفتگو کرتے ہوئے شوائن اشٹائگر نے کہا کہ آئیوری کوسٹ کی ٹیم "کچھ حد تک افریقی فٹبال" کھیلتی ہے، جو ان کے بقول "غیر روایتی، قدرے بے قابو اور حکمتِ عملی کے لحاظ سے زیادہ منظم نہیں" ہوتا، اس لیے جرمنی کو غیر متوقع کھیل کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

جمعرات کو فلاڈیلفیا میں کوراکاؤ کو 2-0 سے شکست دے کر آئیوری کوسٹ نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ایمرس فائے نے شوائن اشٹائگر کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم کھلاڑی رہے ہیں اور وہ ہمیشہ ان کی فٹبال سمجھ کے معترف رہے ہیں، تاہم ان کے حالیہ تبصرے سن کر انہیں انسان کے طور پر مایوسی ہوئی۔

فائے نے کہا کہ اگر ان الفاظ کو ان کے اصل مفہوم میں دیکھا جائے تو انہیں نسل پرستانہ بھی کہا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق افریقی ٹیموں کو صرف جسمانی طاقت کے حوالے سے دیکھنا ایک پرانا اور غلط تاثر ہے، جبکہ آج کی افریقی ٹیمیں تکنیکی مہارت، حکمتِ عملی اور منظم کھیل کے حوالے سے بھی دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ شوائن اشٹائگر کا بیان محض الفاظ کے غلط انتخاب کا نتیجہ تھا، نہ کہ ان کے حقیقی خیالات کی عکاسی ہے

مزید  فائے کا کہنا تھا کہ اگر یہ واقعی ان کی سوچ ہے تو وہ اس کے ذمہ دار خود ہیں، جبکہ ان کی ٹیم میدان میں اپنی کارکردگی سے اس تاثر کو غلط ثابت کرتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ممکن ہے یہ متنازع بیان محض توجہ حاصل کرنے کے لیے دیا گیا ہو۔

مزید پڑھیں: فیفا نے نیپال فٹ بال ایسوسی ایشن کی رکنیت معطل کر دی

ادھر شوائن اشٹائگر کے ریمارکس پر جرمن میڈیا میں بھی بحث جاری ہے۔ سابق لیورپول اور جرمنی کے معروف کوچ یورگن کلوپ نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک نہایت سنجیدہ موضوع ہے اور وہ اس پر رائے دینا مناسب نہیں سمجھتے۔

واضح رہے کہ جرمنی سے شکست کے باوجود آئیوری کوسٹ نے گروپ ای میں ایکواڈور اور کوراکاؤ کے خلاف فتوحات کی بدولت دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے آخری 32 مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔ اب آئیوری کوسٹ کا مقابلہ 30 جون کو ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں فرانس یا ناروے میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔