جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کھیلے گئے میچ کے آغاز میں انڈیا کو پنالٹی اسٹروک پر ایک گول کی برتری حاصل ہوئی۔ انڈیا کی جانب سے پہلا گول ٹانی اشیش نے اسکور کیا، تاہم پاکستان کے عدیل نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔

بعد ازاں انڈیا کے شاہ رخ نے 35ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلائی، لیکن پاکستان کے محمد فرحان نے 37ویں منٹ میں گول اسکور کرکے میچ 2-2 سے برابر کر دیا۔

42ویں منٹ میں عزیر احمد نے گول کرکے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول کی برتری دلائی، تاہم اس کے بعد انڈیا کے ٹانی اشیش نے یکے بعد دیگرے تین گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 3-5 کی فیصلہ کن برتری دلا دی اور فائنل میں پہنچا دیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے جاپان میں کھیلے گئے انڈر 18 ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی اور لڑنے کے جذبے کو سراہتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں شکست کے باوجود نوجوان کھلاڑیوں نے غیرمعمولی صلاحیت، پختہ عزم اور لگن کا مظاہرہ کرکے ملک بھر کے ہاکی شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کو 2-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ ٹیم ایونٹ سے محض چند ہفتے قبل تشکیل دی گئی تھی، جس کے باعث کھلاڑیوں کو تربیت اور باہمی ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے بہت کم وقت ملا۔ مزید یہ کہ ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر یہ پہلا بڑا اور سخت مقابلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان نامساعد حالات کے باوجود کھلاڑیوں نے میدان میں بہترین تال میل، شاندار کھیل اور آخری لمحے تک بھرپور جدوجہد کا مظاہرہ کیا، جو پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

ان کے مطابق کسی بھی ابھرتی ہوئی ٹیم کی طرح اس ایونٹ میں بھی کچھ غلطیاں سامنے آئیں، لیکن یہ سیکھنے کے عمل کا حصہ ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے پاس ہاکی کا بہترین نیا ٹیلنٹ موجود ہے۔

پی ایچ ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اپنے ہیروز پر فخر ہے۔ انہوں نے سبز ہلالی پرچم کی لاج رکھنے کے لیے پورے جذبے، ہمت اور وقار کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ ان کا سفر یہاں ختم نہیں ہوا بلکہ یہ تو محض آغاز ہے۔ قوم آج بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔