ہرارے کے تکاشنگا اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ ’سی‘ میچ میں انگلینڈ انڈر 19 نے پاکستان انڈر 19 کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ 

211 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز فرحان یوسف، جو پاکستان کے 28 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے، نے احمد حسین کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 26 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد نے 34 گیندوں پر 12 رنز بنائے، جن میں ایک چوکا شامل تھا۔

احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد حذیفہ احسن اور حمزہ ظہور بھی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے، اور پاکستان 25.4 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 85 رنز تک محدود ہوگیا۔

اس کے بعد کپتان فرحان نے عبدالسبحان کے ساتھ اننگز کو سہارا دینے کی کوشش کی۔ دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 48 رنز جوڑے، تاہم 38ویں اوور میں سبحان 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، جن کی اننگز میں دو چوکے شامل تھے۔

فرحان نے 72 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 86 گیندوں پر 65 رنز بنا کر 41ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ مومن قمر نے 28 گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کے ایلکس گرین، البرٹ اور جیمز منٹو نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم 46.5 اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ دائیں ہاتھ کے لیگ اسپنر احمد حسین نے 10 اوورز میں 38 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور عبدالسبحان کی گیند پر ایک شاندار کیچ بھی پکڑا۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عبدالسبحان نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ علی رضا اور مومن قمر نے بھی دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے کالیب فالکنر 73 گیندوں پر 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، جن کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔