یہ واقعہ ہفتے کے روز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر پیش آیا، جب شریاس آئیر نے الیگز کیری کا شاندار کیچ پکڑ کر آسٹریلیا کی وکٹ گرائی، لیکن اسی دوران ان کی کہنی پسلیوں میں زور سے لگی جس سے وہ زمین پر گر پڑے۔ ٹیم میڈیکل اسٹاف نے انہیں فوری طور پر میدان سے باہر لے جایا۔

بی سی سی آئی کے مطابق آئیر کو مزید معائنہ اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسکین رپورٹ میں پتہ چلا کہ ان کی طحال کو چوٹ لگی ہے جس کے باعث اندرونی بلیڈنگ شروع ہوگئی۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوا جیت سائقیا نے بیان میں کہا کہ شریاس آئیر کی حالت مستحکم ہے، وہ علاج کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔ سڈنی اور انڈیا کے اسپیشلسٹس کی مشاورت سے ان کی صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ٹیم ڈاکٹر سڈنی میں ان کے ساتھ رہیں گے تاکہ روزانہ ان کی صحت کا جائزہ لیا جا سکے۔

پی ٹی آئی کے مطابق شریاس کے وائیٹل سائنز ڈریسنگ روم میں غیر مستحکم ہونے لگے تھے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ اگر بروقت علاج نہ ہوتا تو یہ چوٹ جان لیوا ثابت ہو سکتی تھی۔

ذرائع کے مطابق شریاس پچھلے دو دن سے آئی سی یو میں ہیں، اندرونی بلیڈنگ روکنے کے لیے انہیں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ وہ ایک سخت مزاج کھلاڑی ہیں اور جلد صحتیاب ہو جائیں گے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کا جنوبی افریقی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ:  کرکٹ محض کھیل نہیں بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو جوڑنے کا ذریعہ ہے 

ممکنہ طور پر وہ ایک ہفتے تک اسپتال میں زیرِ علاج رہیں گے، جس کے بعد ڈاکٹروں کی اجازت سے انڈیا واپس جائیں گے۔ تاہم، ان کی جنوبی افریقہ کے خلاف آنے والی ون ڈے سیریز میں شرکت کے امکانات انتہائی کم دکھائی دے رہے ہیں۔

انڈیا نے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی، جس میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کی 168 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت شامل تھی۔