کولکتہ ٹیسٹ کے دوران گل بیٹنگ کرتے ہوئے ریٹائر ہرٹ ہوئے تھے اور دوسری اننگز میں میدان میں واپس نہ آسکے، جب کہ گوہاٹی ٹیسٹ میں ان کی جگہ رشبھ پنت قیادت کر رہے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شبمن گل کی انجری ابتدا میں اندازے سے زیادہ سنگین ثابت ہوئی ہے۔ وہ نہ صرف جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہیں بلکہ سال 2025 کے دوران کسی بھی فارمیٹ میں واپسی کا امکان بھی انتہائی کم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گل اعصاب کی چوٹ کا شکار ہیں۔ انہیں انجیکشن لگائے جا رہے ہیں اور چند روز میں مکمل ری ہیبیلیٹیشن کا عمل شروع ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق ٹیم مینجمنٹ 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط سے یہ معاملہ دیکھ رہی ہے، کیوں کہ قبل از وقت فیصلہ کھلاڑی کی فٹنس کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اسی وجہ سے مینجمنٹ مرحلہ وار حکمت عملی اپنا رہی ہے۔
ممکنہ طور پر شبمن گل 2026 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں واپسی کریں گے۔ ٹیم انڈیا جنوری میں تین ون ڈے (11 جنوری سے) اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز (21 جنوری سے) کھیلے گی، جو ورلڈ کپ سے قبل بھارت کی آخری تیاریوں کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ شبمن گل اس وقت ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیموں کے کپتان جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے نائب کپتان ہیں۔






