پریمیئر لیگ کے مطابق اگر بال کھینچنے کے دوران ضرورت سے زیادہ طاقت، تشدد یا سفاکانہ رویہ اختیار کیا گیا ہو تو ریڈ کارڈ دیا جائے گا، تاہم ایسے واقعات میں جہاں یہ حرکت جان بوجھ کر کی گئی ہو لیکن غیر معمولی طاقت استعمال نہ ہوئی ہو، ریفری یلو کارڈ پر اکتفا کر سکیں گے۔

لیگ کا کہنا ہے کہ یہ وضاحت گزشتہ سیزن کے چند متنازع فیصلوں کے بعد کی گئی ہے، جن میں لیزانڈرو مارٹنیز، مائیکل کین اور ڈین بیلارڈ کو بال کھینچنے کے واقعات پر میدان سے باہر بھیجا گیا تھا۔

نئے رہنما اصولوں کے مطابق ریفریز کھلاڑیوں کو پکڑنے، روکنے یا غیر فٹبال انداز میں مداخلت کرنے کی کوششوں پر بھی زیادہ سختی سے نظر رکھیں گے۔

لیگ کے مطابق ایسی حرکات جن سے حریف کھلاڑی کی کارکردگی یا کھیل پر واضح اثر پڑے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پریمیئر لیگ نے گول کیپرز کے تحفظ کو بھی ترجیح دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی گیند کھیلنے کی حقیقی کوشش کے بغیر گول کیپر سے ٹکراؤ یا جسمانی رابطہ کرتا ہے اور اس سے گول کیپر کی گیند تک رسائی متاثر ہوتی ہے تو ریفری مناسب تادیبی کارروائی کریں گے۔

فٹبال حکام کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد قوانین کے نفاذ میں زیادہ یکسانیت پیدا کرنا، کھیل کے بہاؤ کو برقرار رکھنا اور کھلاڑیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔