میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 453 رنز پر مکمل کی، اس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز بنائے، جیمی اسمتھ نے 69، ڈین لارنس نے 65 اور ایمیلیو گے نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔

اولی رابنسن نے بھی بیٹ سے بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 50 رنز بنائے جبکہ جوفرا آرچر 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ نے 89 اوورز میں 453 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز مکمل کی۔

پاکستان کی جانب سے بولنگ میں رضا اللہ سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 23 اوورز میں 148 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عمران اور محمد علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان کی پہلی اننگز انتہائی مایوس کن رہی اور قومی ٹیم کے بلے باز انگلش بولنگ کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکے۔

سعود شکیل 43 رنز کے ساتھ پاکستان کی جانب سے نمایاں بلے باز رہے، جبکہ محمد عباس نے 21، رضوان اللہ نے 11 اور اذان اویس نے 9 رنز بنائے۔

بابر اعظم 7، شان مسعود 5، محمد عمران 5، غازی غوری 4، عبداللہ شفیق 3 رنز بنا سکے جبکہ صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، اولی رابنسن اور جوفرا آرچر نے بھی 3،3 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انگلینڈ کی 453 رنز کی اننگز کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو مشکلات نے ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کا تعاقب شروع کردیا۔ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد پاکستان پر اننگز کی شکست کا خطرہ بھی منڈلانے لگا۔

انگلینڈ کو پہلی اننگز میں پاکستان پر 320 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے اور قومی ٹیم کے لیے میچ میں واپسی ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں، جبکہ تین کھلاڑیوں کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا گیا ہے۔

پیس آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا، فاسٹ بولر رضا اللہ اور وکٹ کیپر غازی غوری کو ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع دیا گیا ہے، جبکہ صائم ایوب کی طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم میں یہ تبدیلیاں کی ہیں۔ قومی ٹیم کو سیریز میں مسلسل شکست سے بچنے اور وائٹ واش روکنے کے لیے ایجبسٹن ٹیسٹ میں شاندار کم بیک کرنا ہوگا۔